اروناچل پردیش میں ایک پن بجلی گھوٹالے میں وزیرمملکت برائے داخلی امور کرن
رجيجو کے مبینہ طور پر ملوث ہونےاور نوٹوں کی منسوخی کے سلسلے میں ایک
پرائیویٹ نیوز چینل کے ایک اسٹنگ آپریشن کےسلسلے میں لوک سبھا میں اپوزیشن
اوربرسر اقتدار پارٹی کے اراکین کے ہنگامے کی وجہ سے آج وقفہ صفر نہیں چل
پایا اور ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر اسپیکر
سمترا مہاجن نے وقفہ صفر
شروع کرنے کا اعلان کیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن محترمہ رمادیوي کو
سوال پوچھنے کیلئے کہا۔اس درمیان اپوزیشن اراکین اپنی جگہ پر کھڑے ہو گئے اور اروناچل پردیش میں
ایک پن بجلی منصوبے میں مسٹر رجيجو کے ذریعہ اپنے بھائی کے حق میں کارروائی
کے سلسلے میں ریاستی حکومت کو خط لکھے جانے سے متعلق صدر نشین کو ایک نوٹس
دئے جانے کا ذکر کیا اور کچھ اراکین نے کچھ کاغذوں کی کاپیاں بھی لهرائیں۔